کراچی میں نارتھ کراچی کے علاقے میں 11 روز سے لاپتا 7 سالہ بچے صارم کی لاش گھر کے قریب زیرزمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوگئی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے کہ بچے خود ٹینک میں گرا یا کسی نے اسے گرایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 7 سالہ صارم 11 روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، پولیس اور اہلخانہ اس کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے تھے۔اہل علاقہ کے مطابق پانی کے وال مین نے بدبو آنے پر بچے کی لاش کی اطلاع یونین کو دی، ننھے صارم کی لاش زیرزمین ٹینک سے نکال لی گئی، یونین نے ٹینک کو گتے سے ڈھکا ہوا تھا اور کوئی احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کی تھی، اس سے قبل پولیس نے ٹینک کو چیک کیا تھا تاہم اس وقت لاش کے شواہد نہیں ملے تھے۔
اہل علاقہ نے بتایا بچے کی لاش 11 دن بعد ملی ہے لیکن لاش پرانی نہیں لگتی، بچہ جس وقت اغوا ہوا اس وقت بجلی نہیں تھی اور اب بھی بجلی نہیں ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل کنور آصف کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگا اس کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے، اس معاملے میں تحقیقات کررہے کہ واقعہ حادثہ ہے یا بچے کو قتل کیا گیا ہے۔
ایس پی نے مزید بتایا کہ بچہ جن کپڑوں میں لاپتہ ہوا تھا انہی کپڑوں اور جوتوں میں ملا ہے، لاش کی حالت اچھی نہیں ہے، جِلد اتر رہی ہے، پوسٹ مارٹم میں ڈاکٹر سے پوچھا ہے کہ لاش کتنی پرانی ہے، جسم پر تشدد کے نشانات ہیں یا نہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے۔
بچے کی لاش ملنے کے بعد والدین غم سے نڈھال ہیں اور فلیٹس کے مکین بھی افسردہ نظر آئے۔کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیںپولیس کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ بچہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا کسی نے اسے گرایا،مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ صارم کی گمشدگی کا معاملہ سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آیا تھا جس کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بچے کے گھر جاکر والدین سے اظہار یکجہتی بھی کیا تھا۔