اہم خبریں

میں صرف وزیراعلیٰ ہی نہیں بلکہ طلباء وطالبات کی ماں ہوں، مریم نواز

لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامیہ یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف وزیراعلیٰ نہیں بلکہ طالب علموں کی ماں ہوں، ہر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے مگر ماں اور بچے کا رشتہ کبھی نہیں ٹوٹتا۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ہونہاراسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطاب اور اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں صرف وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ان طالب علموں کی ماں ہوں، ہر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے مگر ماں اور بچے کا رشتہ کبھی نہیں ٹوٹتا۔ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ محنتی طلبا کا حق ہے اور طلبا نے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، پنجاب حکومت آپ کی امانت ہے اور یہ سب آپ کا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ اسکالرشپ پروگرام 72 ارب روپے کا ہے اور تمام اسکالرشپ میرٹ پر دی گئی ہیں جب کہ 60 فیصد اسکالرشپس طالبات نے حاصل کیں۔ بہاولپور کے بچوں سے محبتیں سمیٹ کر جارہی ہوں، جنوری کا مہینہ بچوں کو اسکالرشپس دینے کے لیے مختص کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اس ملک کے پاسبان ہیں، آپ سب وعدہ کریں اس وطن کو اپنا سب کچھ سمجھیں گے۔ پاسبان کسی کے سیاسی بہکاوے میں آکر ملک پر حملہ نہیں کرتا، کوئی پاسبان کبھی نہیں کرسکتا کہ اورنج ٹرین کو آگ لگادے۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ پاسبان کبھی اپنی فوج اور پولیس پر حملہ نہیں کرسکتا، کوئی پاسبان کبھی یہ نہیں کرسکتا کہ اپنے ملک کو آگ لگادے۔ ہماری حفاظت کے لیے جو دن رات ایک کرتے ہیں ان کے مجسمے جلادیے جب کہ کچھ پولیس والے شہید ہوئے اور کچھ کی آنکھیں، ٹانگیں اور بازو ضائع ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پولیس والوں کے سروں پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں، مجھے بتایا گیا کہ کیلوں والے ڈنڈے مار کر ان کے سر زخمی کیے ہیں۔ پولیس میں بھی خامیاں ہوسکتی ہیں، یہ نہیں کہتی 100 فیصد درست کام کررہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ آپ کو کبھی نہیں کہہ سکتی کہ کسی کی ماں اور بہن پر الزام تراشی کرو، لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں پولیس ہی آپ کی مدد کرتی ہے۔ نوجوانوں کی ریڈلائن پاکستان ہونی چاہیے۔

آزاد کشمیر میں صنعتی بحران شدت اختیار کرگیا ، سینکڑوں فیکٹریاں بند ، درجنوں خیبر پختونخوا منتقل

متعلقہ خبریں