اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف شیخ رشید اور دیگر کی طرف سے کی جانے والی الزام تراشی کو بلیک میلنگ کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنڈی کے شیطان کو قوم بخوبی پہچانتی ہے اور اس کی گٹر زبان سے بھی آگاہ ہے۔ عمران خان شیخ رشید کے بیان کی آڑ میں زمان پارک لاہور میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ عمران خان آستین میں چھپے ہوئے سانپوں سے ہشیار رہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے سیاست میں صبر، برداشت اور درگزر کرنے کے اصول متعارف کرائے۔ ان کے دور میں پورے ملک میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ شازیہ مری نے کہا کہ شیخ رشید جیسے سازشی کی شک کی سیاست بے نقاب ہو چکی ہے۔ ان کا کردار صرف کرائے کے لاؤڈ اسپیکر کا رہ گیا ہے۔