اسلام آباد( نامہ نگار )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک میں پروان چڑھتا اسلاموفوبیا دنیا کے امن کےلئے خطرہ ہے ، بھارت اور اسرائیل کشمیر ی اور فلسطینی مسلمانوں کے خلاف دہشت گرد ی میں ملوث ہیں ۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی افسوسناک ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام ضروری ہے، ہمیں ایسے واقعات کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔مغربی ممالک میں پروان چڑھتا اسلاموفوبیا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے فروغ کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہولوکاسٹ پر نکتہ چینی کو جرم قرار دیا گیا ہے تو دوسری طرف اسلام مخالف اقدامات کو اظہار رائے کی آزادی کا نام دیا جاتا ہے، فلسطینیوں پر ریاستی سرپرستی میں مظالم ڈھائے جاتے ہیں، ان مظالم کے لئے اسرائیلی حکومت کو بڑے مغربی ممالک کی سرپرستی حاصل ہے، اسرائیل نہتے فلسطینی مرد و خواتین کے خلاف دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے، جو سراسر غلط ہے۔ اس کے باوجود اسرائیل کو اسلحہ کے لئے اربوں ڈالر دیئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی گجرات میں مسلمانوں پر مظالم کا ذمہ دار ہے، بھارت اور اسرائیل دہشت گرد وں کی سرپرستی کرنے والی ریاستیں ہیں۔ مسلمان ریاستیں متحد نہیں ہیں بلکہ خلفشار کا شکار ہیں ۔