نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) پاکستان کے شہریوں کو مختلف شناختی دستاویزات فراہم کرتا ہے، جن میں فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) بھی شامل ہے۔ یہ سرٹیفکیٹ ایک خاندان کے تمام افراد کی تفصیلات فراہم کرتا ہے اور تین مختلف زمروں میں جاری کیا جاتا ہے:
1. پیدائش کے حوالے سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں والدین اور بہن بھائیوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
2. شادی کے حوالے سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں آپ کی شریک حیات اور بچوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
3. ایڈاپشن سے متعلق جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں آپ کے سرپرست کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
اگر کوئی پاکستانی نادرا میں رجسٹرڈ نہیں ہے اور اس کے پاس 13 ہندسوں والا شناختی کارڈ نہیں ہے، تو اس کا ڈیٹا ایف آر سی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
ایف آر سی کہاں سے حاصل کریں؟
پاکستانی شہری نادرا کے رجسٹریشن سینٹر یا نادرا کی پاک آئیڈینٹٹی ویب سائٹ کے ذریعے ایف آر سی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ جبکہ اوورسیز پاکستانی متعلقہ پاکستانی مشن کے دفتر سے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ایف آر سی کی فیس کتنی ہے؟
نادرا نے جنوری 2025 کے مہینے میں ایف آر سی کے لیے فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ ایف آر سی جاری کرنے کے لیے نادرا صرف ایک ہزار روپے وصول کرتا ہے۔