اہم خبریں

صوبے، پاکستان ریلوے کی زمین واپس کریں،خواجہ سعد رفیق کی اپیل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء فاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی زمینوں کے کمرشل استعمال کے حوالے سے آئندہ دس روز میں رولز بنا کر کابینہ میں لائیں گے ، صوبے پاکستان ریلوے کی اراضی اس کے حوالے کریں ، ریلوے میں مزید کوچز شامل کی جارہی ہیں۔جمعہ کووفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہماری دعوت پر پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام چلنے والی گرین لائن کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے ، ماضی میں نواز شریف کی سربراہی میں ہم نے مارگلہ سے جدید گرین لائن ٹرین چلائی تھی جو نواز شریف حکومت کے خاتمے کے بعد بند کردی گئی، ہم نے چین سے بوگیاں لینے کا معاہدہ کیا جس کے تحت اڑھائی سو نئی ویگنیں ملنی ہیں ان میں سے 36 آگئی ہیں ، کچھ بوگیاں یہاں بھی بنیں گی اور توقع ہے کہ آئندہ باہر سے نہیں منگوانی پڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین سروس جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی انہیں انٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، یہ سروس اسلام آباد سے کراچی تک ہے، اس میں 2200 سے زائد مسافر سفر کرسکیں گے، پاکستان کے شہری اس سروس سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہماری حکومت آنے پر ریونیو 18 ارب جبکہ جب حکومت چھوڑی تو54 ارب روپے تھا ، اسی طرح اس وقت بھی جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ریلوے خسارے میں تھی ، ہم نے دوبارہ صفر سے آغازکیا ہے، سیلاب نے بھی ریلوے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہم نے اپنے محدود وسائل سے ریلوے کا نظام بحال کیا، ہماری روزانہ آمدن ساڑھے 15 کروڑ ہے جبکہ اخراجات 20 کروڑ ہیں، ریلوے کو اپنی زمینیں کمرشل استعمال کی اجازت مل گئی ہے ، آئندہ دس روزمیں قواعد بنا کر کابینہ میں لائیں گے ، اس سے بڑا ریونیو حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ریلوے میں نئے تجربات کئے جاتے ہیں ، مال برداری کےلئے ریلوے کو ترجیح دی جانی چاہئے اس سے سڑکوں پر ٹریفک کا بہائو کم ہوگا اور کم نرخ پر یہ مال برداری ہوگی۔

متعلقہ خبریں