اہم خبریں

خیبرپختونخوا اسمبلی میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری واپس لینے کی قرارداد منظور ‌کر لی گئی

خیبرپختونخوا اسمبلی نے فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے، جس پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے بھی دستخط کرنے والے ہیں۔

یہ مشترکہ قرارداد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عبدالسلام آفریدی نے پیش کی، اور مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جلال خان نے بھی اس پر دستخط کیے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آئین و قانون کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے، اور فوجی عدالتوں سے سزائیں سنانا انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔

قرارداد میں فوجی عدالتوں کے غیر آئینی اور جانبدارانہ فیصلوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان فیصلوں کی وجہ سے پاکستان کی دنیا بھر میں سبکی ہوئی ہے۔ مزید یہ کہ وفاق سے سفارش کی گئی کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سانحہ 9 مئی 2023 میں ملوث 85 مجرمان کو فوجی عدالتوں سے سزائیں دی گئی تھیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق 9 مئی 2023 کے دوران سیاسی طور پر بھڑکائے گئے تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہیں، اور ان مجرمان کے خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، 9 مئی کی سزائیں قوم کے لیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہیں اور یہ سزا وہ لوگوں کے لیے تنبیہ ہے جو قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کئی ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں، اور دیگر ملزمان کی سزائیں بھی ان کے قانونی عمل مکمل ہونے پر جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں