اہم خبریں

ملک کے مختلف علاقوںمیں بارشیں؟ محکمہ موسمیات نے اچھی خبر دیدی ،ایڈوائزری بھی جاری

سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتے میں مغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی، اور یہ سلسلہ 6 جنوری 2025 تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم جنوری سے 6 جنوری تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا میں یکم سے 5 جنوری تک گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور برف باری کا امکان ہے، جبکہ مری اور گلیات میں یکم سے 6 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور شدید برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 2 سے 6 جنوری تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، اور لیہ میں 2 سے 5 جنوری تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان میں یکم سے 4 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم دادو، قمبر، شہید بینظیر آباد، سکھر، اور جیکب آباد میں 3 اور 4 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات میں سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔ ایڈوائزری میں سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بارشوں کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں