اسلام آباد(اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے اُزبکستان میں ملازمت کیلئے جانیوالے پاکستانی شہریوں پر پابندی عائد کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ازبکستان میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے عمل پر عارضی پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ فیصلہ وفاقی وزارت خارجہ کی جانب سے موصول ہونے والی ان رپورٹس کے بعد کیا گیا جن میں کہا گیا تھا کہ ازبکستان میں مقیم پاکستانی کارکنوں کو تنخواہیں نہ ملنے اور کام کے لیے نامناسب حالات کا سامنا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے میں ملک بھر کے تمام پروٹیکٹوریٹ دفاتر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر ازبکستان کے لیے مزید کارکنوں کے ’پروٹیکٹر‘ روک دیں۔
خیال رہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے حکومت پاسپورٹ پر ’پروٹیکٹر‘ لگا کر دیتی ہے جس کے بغیر پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے سفر نہیں کر سکتا، یہ ایک مہر یا اسٹکر ہوتا ہے جو اب بارکوڈ کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔پروٹیکٹر کے حوالے سے حکومت کا یہ حکم پہلے سے دیے گئے اجازت ناموں اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز یا براہ راست ملازمت کے خواہشمند افراد کی درخواستوں پر بھی لاگو ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اگر کسی ہنگامی صورت حال میں درخواست موصول ہو تو پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس متعلقہ کیس پاکستانی سفارت خانے کو بھیج سکتے ہیں لیکن اس کے لیے تمام ضروری دستاویزات اور آجر کی مکمل تصدیق حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ سفارت خانہ کی اجازت کے بعد ہی متعلقہ درخواست پر پروٹیکٹر لگایا جائے۔
پنجاب میں دھند کا راج، نالے میں کا ر گرنے سے 2خواتین سمیت کمسن بچی جاں بحق، متعدد لاپتہ