اہم خبریں

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیئے

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )صدر مملکت آصف علی زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیئے۔دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا۔ صدرمملکت آصف زرداری نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ پر دستخط کردیئے۔

صدرمملکت کےدستخط کےساتھ ہی بل قانون بن گیا۔قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، قومی اسمبلی جلد گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کریگی۔واضح رہے کہ مدارس رجسٹریشن کے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے اکتوبر میں منظور کیا تھا لیکن صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعتراضات لگا کر اسے واپس بھیج دیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود قوانین جیسے پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ آرڈیننس 2001 اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹوری ٹرسٹ ایکٹ 2020 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان قوانین کی موجودگی میں نئی قانون سازی غیر ضروری ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا تھا کہ نئے بل میں مدرسوں کی تعلیم کو شامل کرنے سے 1860 کے ایکٹ کے بنیادی اصولوں کے ساتھ تضاد پیدا ہو گا اور اس قانون کے تحت مدرسوں کی رجسٹریشن فرقہ واریت کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایک ہی سوسائٹی میں متعدد مدرسوں کی تعمیر سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے اور عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بعدازاں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بتایا تھا کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کا مسئلہ 26 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حل کر لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ مل کر مسودے کو حتمی شکل دی گئی ہے اور اب یہ معاملہ مکمل طور پر طے پا چکا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ ترمیم کے تحت وزارت تعلیم یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے ذریعے مدارس کی رجسٹریشن ہو گی، جس سے مدارس کے تمام دھڑوں کے مطالبات پورے ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں: میزائل پروگرام پرامریکہ کی بے جاتنقید،پاکستان نے اپنا سفیرمشاورت کیلئے بلایا

متعلقہ خبریں