اہم خبریں

کرم تنازعہ ،گرینڈ جرگے میں اہم پیشرفت، فریقین بھاری ہتھیار حٰکومت کو دینے پر آمادہ

کوہاٹ( نیوز ڈیسک )کرم میں دو قبائل کے درمیان ہونے والے تنازع کے پرامن حل کے لئے کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کوہاٹ فورٹ میں منعقد ہونے والے گرینڈ امن جرگے میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مجوزہ معاہدے کےمطابق دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ اب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کوہاٹ گرینڈ جرگے میں مشران نے دستخط کر دئیے ہیں، ایک فریق کے چند افراد آج دستخط کریں گے جبکہ کمشنر کوہاٹ آفس میں آج جرگہ حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا۔

پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور اپر کرم کے راستے ڈھائی ماہ سے بند اور اپرکرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے۔ تحصیل چیئرمین آغا مزمل کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کے باعث علاج نہ ملنے سے 123 بچوں کا انتقال حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ آغا مزمل کا کہنا ہے کہ کرم میں اشیائے ضروریہ کا فقدان ہے، ہوٹلز، پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز 3 ہفتوں سے بند پڑے ہیں۔

پاراچنار کی ابتر صورتحال کے خلاف کرم پریس کلب پر 9 دن سے دھرنا جاری ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں پانچ مقامات پر بھی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔ کراچی میں بھی پارا چنار کی صورتحال پر مختلف علاقوں میں دھرنے دیئے جا رہے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور دھرنوں کے باعث سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس بتا دیے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں قیام امن کے لیےکوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا

متعلقہ خبریں