اسلام آباد( نامہ نگار )وفاقی ترقیاتی ادارے نے اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی سہہ روزہ اوپن آکشن میں 42 پلاٹس 40.956 ارب روپے کی مالیت میں فروخت کئے۔ واضح رہے نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن اب تک ہونے والے تمام نیلام عام میں سب سے زیادہ ہے۔نیلامی کی نگرانی سی ڈی اے ممبر فنانس کی سربراہی میں بنائی گئی نیلامی کمیٹی نے کی۔ کمیٹی نے نیلام عام کو شفاف اور مقابلے کی فضا بنانے کے لئے مؤثر انتظامات کئے۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں نے بولی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی پسند کے مطابق پلاٹ حاصل کئے۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے نیلامی کمیٹی کی طرف سے کئے جانے والے مؤثر اقدامات، شفافیت اور کامیاب نیلام عام کو سراہا۔واضح رہے نیلامی کے تینوں دن اسلام آباد کے مختلف ڈیویلپ سیکٹرز سمیت کمرشل ایریاز میں مختلف کٹیگریز کے رہائشی و کمرشل پلاٹس سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہے۔چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) نور الامین مینگل نے نیلامی کے آخری روز سرمایہ کاروں سے ملاقات کرتے ہوئے انکا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ انکی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے ون ونڈو ڈرایکٹریٹ میں خصوصی ڈیسک بھی جلد قائم کردیا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید برآں اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی شہر کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لئے استعمال میں لائی جائے گی۔ بالخصوص طویل عرصہ سے تعطل کی شکار ترقیاتی سرگرمیوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
