پشاور(اے بی این نیوز)ملکی معیشت کے لیے خوشخبری، خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل (آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ) نے تصدیق کی ہے کہ لکی مروت کے بیٹیانی 2 کنویں میں گیس اور کنڈینسیٹ کے اہم ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جو ملکی توانائی کے ذخائر میں قابلِ ذکر اضافہ کریں گے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق، والی بلاک میں سمناک فارمیشن سے ہائیڈرو کاربن کی یہ پہلی کامیاب دریافت ہے۔ یہ کنواں روزانہ تقریباً 2.5 ملین مکعب فٹ گیس اور 74 بیرل خام تیل فراہم کر رہا ہے، اور یہ کمپنی کے مکمل 100% حصص میں شامل ہے۔ مستقبل میں مزید کنویں کھودنے کے منصوبے بھی بنائے جا رہے ہیں، جو توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے سفر کو تیز کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ سندھ کے ضلع سجاول کے علاقے شاہ بندر میں پتیجی کنواں ایکس ون سے گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ پی پی ایل (پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ) کے مطابق، 11 اکتوبر کو شروع کی گئی کھدائی کے بعد، کنواں روزانہ 12.4 ملین مکعب فٹ گیس اور 196 بیرل لائٹ آئل پیدا کر رہا ہے۔
یہ دریافتیں پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے امید کی کرن ہیں، جو توانائی کے بحران پر قابو پانے اور معیشت کو مضبوط کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔
مزید پڑھیں :مذاکرات ان سے ہونے چاہیے جو بااختیار ہوں،مذاکرات کےطریقہ کارپر عمران خان سخت سیخ پا