سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی،سراج الحق کی اپیل پرجمعہ کو سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پرسوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ27جنوری کو جماعت اسلامی کے تحت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچناکے مطابق یوم احتجاج کے سلسلے میں کراچی ،حیدرآباد،سکھر،کندھکوٹ،بدین، لاڑکانہ،میرپورخاص ،گھوٹکی،جھڈو،ٹھل ،ٹھٹھہ،گھارو سمیت سندھ میں بھرپوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اورضلعی رہنما خطاب کریں گے۔جبکہ علماءکرام اپنے جمعہ کے خطاب میں مغربی دنیا کے ناپاک عزائم،عظمت قرآن اوراسلامی سربلندی پراظہار خیال کے ساتھ واقعے کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ سوئیڈن کے بعدہالینڈ میں بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ اشتعال انگیزاقدام اور کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیاگیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔عالمی برادری کو نوٹس ،اوآئی سی متحرک ہوکرآئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات کے سدباب کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ترجمان جماعت اسلامی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قرآن پاک کے بے حرمتی والے وقعے کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپورشرکت کرکے اپنی ایمانی غیرت کا ثبوت دیں۔

ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں اور ہر وقت باخبر رہیں

WhatsApp Channel