اہم خبریں

سندھ حکومت کے احکامات نظر انداز،چکی مالکان نے آٹا105روپے کلو فروخت کرنے سے انکار کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چکی مالکان نے حکومت سندھ کی ہدایت کے باوجود چکی کا آٹا105روپے کلو میں فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگے داموں گندم خرید کر سستا آٹا نہیں فروخت کرسکتے ،اگر سستی گندم دی جائے تو 110روپے کلو میںآٹا فروخت کرسکتے ہیں۔کراچی پریس کلب میں جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی آٹا چکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری انیس شاہد نے کہا کہ فلور مل کا ریٹ چکی والوں پر لاگو کردیا گیا ہے،مہنگے داموں گندم خرید کر105روپے کلو میںآٹا فراہم نہیںکیا جاسکتا، ایک ہفتہ گزر گیا ہے،مگر کمشنر آفس سے کوئی جواب نہیں مل رہا ہے، دکانوں کو سیل کیا جارہا ہے اور جرمانے عائدکئے جارہے ہیں، ایسے حالات میں کام نہیں کرسکتے، اچانک چکی والوں پر ایکشن شروع کردیا گیا جبکہ فلور ملز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے، نائب صدر آٹا چکی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اس وقت گندم 120 روپے میں خرید رہے ہیں،یہ کیسے ممکن ہے کہ 105 روپے میں فروخت کرسکیں، کمشنر کراچی ہمارا ریٹ طے کریں،آٹا چکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کوٹے میں گندم فراہم کرنے سے صرف چند لوگوں کو فائدہ حاصل ہوتا ہے، کوٹہ نہ لینے والوں کو بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے، حکومت گندم کی دستیابی کا طریقہ تبدیل کرے۔

متعلقہ خبریں