اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے وزارت تجارت اور ٹی ڈیپ کے زیر اہتمام پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے 8ویں اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستان روس بزنس فورم کا انعقاد کیا گیا ۔ فورم میں ایف پی سی سی آئی، چیمبرز، وزارت تجارت سمیت روسی وفد میں ماسو چیمبر کے نمائندوں سمیت تقریباً15کاروباری کمپنیوں نے شرکت کی ۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر و انچارج کیپٹل آفس امین اللہ بیگ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اقتصادی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ “دونوں معیشتوں کے درمیان ایک بڑی صلاحیت ہے جسے مزید تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی پاکستان روس بزنس فورم کے چیئرمین محسن شیخ نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان “اچھی سطح کا تعاون ہے اور اس کا مقصد اسے مزید بڑھانا ہے۔اپنی مختصر پربریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ہمیں وسطی ایشیا کے لیے تجارتی راستوں کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہم روسیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں کہ ان کی این جی او کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کریں تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات آگے بڑھیں۔ انہوں نے روس کے ساتھ بارڈر ٹریڈ اور کرنسی سویپ معاہدے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر احسن علی منگی، ایڈیشنل سیکرٹری (تجارتی سفارت کاری)وزارت تجارت، محمد نصیر ڈی جی ٹی ڈی اے پی اسلام آباد، صدر ماسکو چیمبر، و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔