اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی اکثریت پاکستان سے اپنی محبت اور وفاداری کا واضح اظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 99 فیصد کشمیری پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کو اپنا بڑا بھائی تسلیم کرتے ہیں۔ شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
لیگ ن نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اخلاقی اور اقتصادی اتحاد کو مضبوط کیا ہے ان خیالات کا اظہار شاہ غلام قادر نے اے بی این کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ، شاہ غلام قادر کا مزید کہا تھاکہ پاکستان میں 2018 میں کیے گئے سیاسی تجربے کو 2021 میں آزاد کشمیر میں بھی دہرایا گیا، جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کو حکومت ملی، لیکن یہ حکومت مسلسل عدم استحکام کا شکار رہی۔انہوں نے وضاحت کی کہ تحریک انصاف نے نو مہینے بعد اپنا وزیراعظم تبدیل کیا، لیکن اس کے باوجود اپوزیشن نے تحریک انصاف کی حکومت کو قائم رکھنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی تھی۔
بعد ازاں، عدلیہ کے فیصلے کے تحت سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا گیا، اور ایک عبوری حکومت قائم کی گئی۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ موجودہ حکومت تین اتحادی جماعتوں، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، اور تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک پر مشتمل ہے۔ تاہم، کوئی بھی جماعت اس حکومت کی مکمل ذمہ داری لینے کو تیار نہیں، جس کی وجہ سے عوامی مسائل حل کرنے میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک کے اراکین، جو وزراء کی حیثیت سے حکومت میں شامل ہیں، اپنے حلقوں میں سیاسی حمایت کھو چکے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے وزراء محدود وسائل کے باوجود اپنے حلقوں میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ ن کے کارناموں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب 2010 میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں بنی تو 2011 کے انتخابات میں ہمیں 12 نشستیں ملیں۔ 2016 کے انتخابات میں ہم نے کلین سویپ کیا۔ میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کو چھ ارب سے بڑھا کر 34 ارب تک پہنچایا، جس سے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں میں تیزی آئی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اخلاقی اور اقتصادی اتحاد کو مضبوط کیا ہے، جس کی بدولت آج آزاد کشمیر میں میڈیکل کالجز اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر میاں شہباز شریف کی جانب سے میڈیکل نشستوں کو 62 سے 72 تک بڑھانے کا ذکر کیا۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ کشمیری عوام کی اکثریت کے دلوں میں پاکستان کی محبت موجزن ہے، اور 99 فیصد کشمیری پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے سہولتوں کی پیشکش کی، لیکن وہ کشمیری عوام کے دل جیتنے میں ناکام رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالیہ انتخابات میں کشمیری عوام نے بھارتی حمایت یافتہ امیدواروں کو مسترد کر دیا،
کیونکہ ان کے بیانیے کو عوام نے ناقابل قبول سمجھا۔ نیشنل کانفرنس کو عوامی حمایت اس لیے ملی کیونکہ ان کا بیانیہ دفعہ 370اور 35A کی بحالی پر مبنی تھا۔آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکمت عملی کے متعلق بات ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی سب سے مضبوط اور منظم جماعت ہے اور آئندہ انتخابات میں ایک بار پھر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کی بدولت آزاد کشمیر کے عوام کی زندگی میں بہتری آئی ہے، اور آئندہ بھی ہم عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کا مقصد آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے قریب لانا اور دونوں خطوں کے درمیان مضبوط رابطے قائم کرنا ہے۔شاہ غلام قادر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں اپنی مضبوط اور منظم حکمت عملی کے ساتھ ایک بار پھر فتح حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا اور پاکستان و کشمیر کے عوام کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔ شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبے جاری رہ سکیں۔
مزید پڑھیں:فیصل واوڈا نے بیرسٹر گوہر کے بارے میں ایسا کیا کہہ دیا؟سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا،جانئے تفصیلات