اسلام آباد(اے بی این نیوز ) تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن، علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بالکل درست مطالبات کر رہے ہیں، اور ان کی درخواست کتابوں کی فراہمی کے حوالے سے ہے۔ انہوں نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر سپریم کورٹ کے سینئر ججز کی نگرانی میں تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ آج توشہ خانہ کیس اور القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت ہوئی، اور عمران خان کی صحت ٹھیک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر ان کے دو اہم مطالبات نہ مانے گئے تو ملک میں سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
. 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر تحقیقاتی کمیشن کا قیام، جو سپریم کورٹ کے سینئر ججز کی نگرانی میں ہو۔تحریک انصاف کے تمام غیر قانونی طور پر گرفتار کارکنوں اور حامیوں کی فوری رہائی۔
علیمہ خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی ااپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ مطالبات نہ مانے گئے تو وہ پاکستان کو رقوم بھیجنا بند کر دیں۔ انہوں نے کہا، “یہ وہی لوگ ہیں جن کی ترسیلات زر پر ملک چل رہا ہے، لیکن انہیں ہراساں کیا جاتا ہے، ان کے حقوق سلب کیے جاتے ہیں اور پاسپورٹ منسوخ کیے جاتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر بیرون ملک پاکستانی اپنی ترسیلات بند کر دیں تو معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی تحریک انصاف کی جدوجہد میں حصہ ڈالنا چاہیے۔
مزید پڑھیں :رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زر میں33.6فیصد اضافہ ہوا ،وزیراعظم