اسلام آباد( نامہ نگار )وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی۔جمعرات کو ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سید نوید قمر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور قریبی اقتصادی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سعودی عرب کا سفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں سعودی سفیر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب کے سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کی موجودہ سطح پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں میں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کے لئے اپنا تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔