اسلام آباد ( نامہ نگار ) پاکستان اور قازقستان تجارتی راہداری معاہدے پر دستخط کرنے پر متفق، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی ملاقات۔ ملاقات میں قازقستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ قازقستان اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے ممکنہ مواقعوں پر تبادلہ خیال۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ دونوں فریق معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عمل کو تیز کریں گے۔ پاکستان آنے والے مہینوں میں تجارت پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے اگلے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ سفیر نے وزیر کی حمایت پر ان کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ معاہدوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ سفیر نے پاکستانی کھیلوں کے سامان، فرنیچر اور سیاحت میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ سید نوید قمر نے سفیر کو او آئی سی کے رکن ممالک کے 18ویں تجارتی میلے میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔
