اسلام آباد( نامہ نگار )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں استعمال ہونے والی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے ،ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لئے صوبائی حکومتیں فوری اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اپنی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ رمضان المبارک میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے ۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کے لئے صوبائی حکومتیں فوری اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ آٹا ملوں میں ذخیرہ اندوزی نہ ہو ۔ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی مانگ کے مطابق سپلائی یقینی بنائی جائے۔ رمضان میں ضروری اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت سے ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ رسد اور طلب کے درمیان فرق کم کرنے کے لئے متعلقہ انتظامیہ موثر اقدامات اٹھائے۔ وزارت فوڈ سکیورٹی تمام صوبوں سے ملکر یقینی بنائے کہ کسی صوبے میں ضروری اشیائے خوردونوش کا کوئی بحران پیدا نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہفتہ وار اجلاس منعقد کئے جائیں ۔