اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے 12 کارکنوں کی ہلاکت کے ثبوت دینے کا چیلنج کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیرسٹر گوہر کا بیان شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں ہلاکتوں کا دعویٰ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے ٹی وی پر بیٹھ کر 278 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا، ہم اب بھی کہتے ہیں کہ مرنے والوں کی نماز جنازہ ادا کریں یا ان کے ورثاء کی کوئی تفصیلات بتائیں۔
وزیر دفاع نے بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے لوگ غزہ کے شہداء کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ معذرت کے ساتھ یہ سب جعلسازی، جھوٹ اور فراڈ آپ کی پارٹی کے کلچر کے بارے میں بہت کچھ کہتا ہے۔
واضح رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ہم نے عمران خان کو احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے 12 کارکنوں کی ہلاکت کے ثبوت پیش کردیئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ جو لوگ زیادہ اموات کا ذکر کر رہے ہیں ہم ان سے لاتعلق ہیں۔
مزید پڑھیں :آئندہ احتجاج کب ہوگا اس سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا،سلمان اکرم راجہ