اہم خبریں

چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آج ہونیوالا آئی سی سی اجلاس ملتوی، بڑی وجہ بھی سامنے آ گئی

آج ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بورڈ میٹنگ جو چیمپئنز ٹرافی کے مقام کے تعین کے بارے میں تھی، ملتوی کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز اس اجلاس میں اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا، جس کے بعد میٹنگ کو آج تک کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ تاہم، آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج یہ میٹنگ نہیں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے سخت موقف کے پیش نظر مزید وقت طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے اگلے 48 گھنٹوں میں ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کی مدت میں بھی ایک ماہ کی توسیع ہو سکتی ہے۔ گریگ بارکلے کا عہدہ 30 نومبر کو ختم ہو رہا تھا، اور یکم دسمبر سے جے شاہ کو یہ عہدہ سنبھالنا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ آج کی بورڈ میٹنگ میں متوقع تھا۔ پاکستان نے آئی سی سی سے ٹرافی کے لیے ایک قابل قبول فارمولا طلب کیا تھا، اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس بارے میں آئی سی سی کو اپنے موقف سے آگاہ کیا تھا۔ محسن نقوی نے کہا تھا کہ “ہم زخم سہہ لیں گے، لیکن اپنی عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔” پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات تقریباً مکمل کر لیے ہیں۔

بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے معاملہ پیچیدہ ہو چکا ہے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا قابل قبول نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے کے لیے لابنگ کر رہا ہے، لیکن پی سی بی نے بھارتی اقدامات کو روکنے کے لیے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی بھی حل اپنی شرائط کے بغیر قبول نہیں کرے گا۔

بھارت کی جانب سے ضد کی وجہ سے آئی سی سی ابھی تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کر سکا ہے، جس سے براڈکاسٹرز میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ انہیں ممکنہ طور پر کروڑوں ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں