سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اس توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، حکومت پنجاب نے منگل 26 نومبر سے جمعرات 28 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کی ہے۔ اس دوران پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، دفعہ 144 کی توسیع کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے، کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر گزشتہ تین دنوں سے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ ہے۔