اسلام آباد( محمد ابراہیم عباسی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجی گئی دونوں خواتین روبینہ غفور اور شہناز ملک کی رہائی کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے انسداد دہشتگردی عدالت کے پانچ روزہ جیل بھیجنے کے فیصلے کو معطل کر دیا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار نے وکیل انصر کیانی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ روبینہ غفور اور شہناز ملک نہ تو مقدمے میں نامزد ہیں اور نہ ہی ان کے خلاف پولیس کے پاس کوئی شواہد موجود ہیں۔ مزید کہا گیا کہ اسی مقدمے میں گرفتار ہونے والی دیگر نو خواتین کی شناخت پریڈ بھی نہیں کرائی گئی۔وکیل انصر کیانی نے استدعا کی کہ دونوں خواتین کی شناخت پریڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں رہا کیا جائے۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او کوہسار کو نوٹس جاری کر دیا اور حکم دیا کہ 26 نومبر کو خواتین کو عدالت میں پیش کیا جائے، ساتھ ہی ایس ایچ او کو مقدمے کا تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔یہ فیصلہ عدلیہ کے اس کردار کو نمایاں کرتا ہے جو وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ادا کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: بنوں میں سکیورٹی فورسزکا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،3خوارج ہلاک،2زخمی