اسلام آباد (نامہ نگار)وزارت مذہبی امور کے قسطوں میں حج اخراجات وصول کرنے کے فیصلے کے نتیجے میں اس سال حج درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق، پہلے دو دنوں میں مجموعی طور پر 4774 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ گزشتہ سال انہی دنوں میں صرف 1300 درخواستیں جمع ہوئی تھیں۔
ریگولر سرکاری حج اسکیم کے تحت 4734 درخواستیں جمع ہوئیں، جبکہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت بینکوں کو 40 درخواستیں موصول ہوئیں۔سرکاری اسکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کے لیے 2 لاکھ روپے ایڈوانس جمع کرانا ضروری ہے۔ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے پر مزید 4 لاکھ روپے اور باقی رقم 10 فروری تک جمع کرانا ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق، سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں 3 دسمبر تک جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ کوٹے سے زیادہ درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں ریگولر اسکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو کی جائے گی۔
اسپانسر شپ اسکیم کے لیے درخواست جمع کروانے والوں کو تمام رقم یکمشت ڈالروں میں جمع کرانا لازم ہوگا۔ یہ اسکیم “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔
گزشتہ برس حج درخواستوں کی کم تعداد کے باعث درخواستیں جمع کروانے کے لیے دس دن کی توسیع دی گئی تھی، لیکن اس سال قسطوں کی سہولت کے سبب ابتدائی دو دنوں میں ہی ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔
مزید پڑھیں :پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا! بھارت کا کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار ،بھارت سے درآمدات میں حیران کن اضافہ