اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری دی۔ اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے اتفاقِ رائے کا اظہار کیا۔
معاشی استحکام کے لیے سیاسی تعاون پر زو
وزیراعظم نے تمام سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے وفاق کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اور ترقی کے لیے ان دونوں عوامل کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان اقدامات کی بدولت معیشت کے کئی اشاریے مثبت رجحانات کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جیسے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،مہنگائی میں کمی،شرح سود 15 فیصد تک کم ہونا ،آئی ٹی ایکسپورٹ اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ
ملکی معیشت کی پائیداری کے لیے اقدامات
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، گردشی قرضوں پر قابو پانے اور بجلی و گیس کی چوری کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔
امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے 2014 میں نواز شریف کے دور میں دہشت گردی کے خلاف حاصل کی گئی کامیابیوں کا حوالہ دیا اور یاد دلایا کہ اس وقت تمام سیاسی اور عسکری قیادت نے متحد ہو کر فیصلے کیے تھے۔ 2018 تک دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔تقریباً 80,000 جانیں قربان ہوئیں۔130 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان اٹھانا پڑا
بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دوبارہ دہشت گردی کی لہر
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے۔ اس تناظر میں اپیکس کمیٹی نے بلوچستان میں فوجی آپریشن کی منظوری دی، جس کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔
اتحاد اور قربانیوں کی ضرورت
وزیراعظم نے قوم کو جاپان اور جرمنی کی مثالوں سے رہنمائی لینے کی تلقین کی، جو عالمی جنگوں کے بعد مضبوط ہو کر ابھریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سماج کے ہر طبقے کو قربانیاں دینی ہوں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ ایمانداری، دیانت اور لگن کے ساتھ یہ پاکستان کی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔ اپیکس کمیٹی کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف آپریشن کا فیصلہ قومی سلامتی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
مزید پڑھیں :مذاکرات ہوں یانہ ہوں24تاریخ کی کال واپس نہیں لی جائےگی،شیخ وقاص اکرم