لاہور(نیوز ڈیسک ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر 140 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں سرگودھا، بھکر، رحیم یار خان، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور جھنگ میں کی گئیں۔ بھکر سے فتنہ الخوارج جبکہ سرگودھا سے الزینبیون کے خطرناک ترین دہشت گردوں میں سے ایک کو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، سات ڈیٹونیٹرز، سات فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، دو آئی ای ڈی بم، موبائل فون، ممنوعہ پمفلٹس اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی شناخت ندیم مرتضیٰ، محمد جابر، آصف افتخار، شمس الدین، اعجاز حسین، حسن خان، شاہد سعید، فاروق احمد وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رواں ہفتے 1318 کومبنگ آپریشنز کے دوران 173 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ ان کومبنگ آپریشنز میں 40 ہزار 952 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کردی