اسلام آباد(رانا فرخ سعید)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے رواں ہفتے غیر منقولہ جائیداد کی قیمتوں کے نئے ٹیبل کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان،فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان نے نئے ویلیو ایشن ٹیبل کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو ملک بھر میں غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں پر نظر ثانی کے لیے گیارہ اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ذرائع کے مطابق نئے ویلیو ایشن ٹیبل کے نوٹیفکیشن میں تاخیر کی وجہ 42 شہروں کی جگہ اب پچاس شہروں کے لیے غیر منقولہ جائیدادوں کی نظرثانی شدہ قیمتوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اس لئے جو نوٹیفکیشن گیارہ اکتوبر کو ہونے تھا اب وہ پچیس اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر تین سال کے بعد ریٹ ریوائز کر رہا ہے اورغیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتوں کو موجودہ مارکیٹ ویلیو کے 75 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔
قانون و انصاف ڈویژن اس وقت نوٹیفیکیشن کی جانچ کر رہا ہے حتمی شکل دینے کے بعد ایف بی آر نوٹیفیکیشن جاری کرے گا۔صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان سردار طاہر محمود نے اس حوالے سے روزنامہ اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی ہٹ دھرمی اور مشاورت کے بغیر بنائے گئے ویلیو ایشن ٹیبل کو یکسر مسترد کرتے ہیں اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ایف بی آر کا ایک افسر مختلف ویب سائٹوں سے معلومات اٹھا کر ریٹ کا تعین کر رہا ہے ایف بی آر کے پاس کونسا میکنزم ہے جو انہوں نے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر قیمتوں کا تعین کرلیا؟.زمین کا ریٹ اسے پتہ ہے جو اسکا مالک ہے یا جو اس کاروبار سے منسلک ہے ایف بی آر افسران کے پاس کونسا الہ دین کا چراغ تھا جس سے انہوں نے ریٹ کا پتہ لگوایا ہے ۔ہم نئے ویلیو ایشن ٹیبل کو قطعی مسترد کرتے ہیں اور ملک گیر تحریک ،ہڑتال،دھرنے سب کچھ کریں گے مگر یہ ٹیبل لاگو نہیں ہونے دیں گے۔
مزید پڑھیں :ترکیہ کےدارالحکومت انقرہ میں دہشتگردوں کاحملہ،متعددافرادشہید