لندن (اے بی این نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے کہ ریاست پر حملہ کرنیوالوں سے مذاکرات نہیں کرینگے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے پاکستان ہاؤس لندن میں ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں پاکستانی نژاد پارلیمنٹیرینز کیساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے نومنتخب پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک برطانیہ تعلقات تاریخ، ثقافت، امن، سلامتی اور ترقی کی مشترکہ امنگوں کے مضبوط روابط پر قائم ہیں۔اسحاق ڈار نےمزید کہا کہ حالیہ انتخابات میں پاکستان نژادپندرہ(15)ارکان برطانوی پارلیمنٹ ممبر منتخب ہوئے ۔
وزیر خارجہ نے برطانوی اراکین کو پاکستانی معاشی بحالی کیلئے اپنی حکومت کے روڈ میپ سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ 2013ءتا 2017ء کے دوران پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن گیا تھا اور اس کے جی 20 کا رکن بننے کا امکان تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی پر بھی قابو پا لیاہے تاہم 2018ء میں شروع ہونیو والے سیاسی عدم استحکام نے ملک کو اقتصادی رفتار کی پٹڑی سے اتار دیا تھا۔
گزشتہ حکومت کی ٹی ٹی پی جیسے انتہا پسند گروہوں کو خوش کرنے اور ان کی بحالی کی پالیسی سخت گیر دہشتگرد مجرموں کی رہائی کا باعث بنی۔حکومت اندرونی یا بیرونی عناصر کوجو سیاسی عدم استحکام کو ہوا دے رہےہیں انہیںپاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دے گی، جن لوگوں نے ریاستی اداروں پر حملہ اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا ان کیساتھ بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیں :اپنی غیرت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،علی امین کو معافی نہیں ملنی چاہیے،عظمیٰ بخاری















