اسلام آباد (نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ جنرل سیکریٹری کا استعفیٰ پارٹی کا داخلی معاملہ ہے۔
اسلام آباد میں جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ہے، ہمارے تمام اتحادی اس میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے جلسے کی وجہ سے میں اڈیالہ جیل نہیں جاسکا، پیر کو بانی پی ٹی آئی سے ملوں گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ سے درخواست ہے جب این او سی ہے تو رکاوٹ نہ ڈالیں۔ ہمارے 2 کارکنوں کو پکڑا گیا، اسلام آباد پولیس سے درخواست ہےکہ یہ جلسہ پرامن ہے، کل 2 بجے جلسہ ہوگا، ہمارے کوشش ہوگی کہ وقت پر جلسہ ختم کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ مختص وقت سے اگر ایک دو گھنٹے زیادہ بھی ہوجاتے ہیں تو انتظامیہ کو تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے استعفے سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا داخلی معاملہ ہے۔