اہم خبریں

زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات، ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی مشاورت

اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔

صدر مملکت ملاقات کیلئے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔ مولانا فضل الرحمان نے صدر مملکت کا استقبال کیا، تفصیلی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمان کو بندوق کا تحفہ پیش کیا۔

صدر زرداری اور فضل الرحمان کی ملاقات، ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی مشاورت

آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ ہفتےہونے والی ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔  ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں جے یو آئی کو حکمراں اتحاد سے تحفظات پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں موجود ذرائع نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اور حکمراں اتحاد کے درمیان فاصلے کم ہو رہے ہیں، آصف علی زرداری ریاست کے سربراہ کے طورپر ملاقات کیلئے آئے اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا صدر کے ہمراہ ملاقات کیلئے آنا ثبوت ہے کہ ریاست جے یو آئی کے تحفظات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ریاست ہمارے تحفظات دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا چاہتی ہے۔

جیو نیوز کے اس سوال پر کہ اب کیا جے یو آئی اپوزیشن کا ساتھ دے گی یا حکمراں اتحاد کا حصہ بنے گی؟ اس کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے پاس آپشنز موجود ہیں، تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ جے یو آئی ملک میں سیاسی عدم استحام کے بجائے تعمیری کردار ادا کرنے کو ترجیح دے گی اور آنے والے دنوں میں اس طرح کی مزید ملاقاتیں ہونگی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 28 اگست کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کو مشترکہ اجلاس سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں