بھلوال(نیوزڈیسک)حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے کے خلاف ملک بھر کے مختلف شہروں میں ملازمین نے احتجاج کیا ہے۔
سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے خلاف ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے خلاف ڈی آئی خان میں ملازمین نے جی پی او چوک پر احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش ہزاروں ملازمین کامعاشی قتل ہے، یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔
کرک میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین نے شہر میں احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اس عزم کااظہار کیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر حکومت کا ایک اور زوردار وار کرتے ہوئے سستے سامان کے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس فیصلے سے نہ صرف عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں بلکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین بھی روزگار چھن جانے پر سخت پریشان ہیں ۔