راولپنڈی ( اے بی این نیوز )آرڈی اے نے غیر مجاز پراپرٹی ایکسپو ایڈورٹائزنگ پر مارکیٹنگ کمپنیوں Graana.com اور ایجنسی 21 کو نوٹس جاری کر دیے۔ آر ڈی اے نے سپانسرز کو خبردار کیا کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پلاٹوں کی مارکیٹنگ اور فروخت کو فوری طور پر روک دیں۔
راولپنڈی : میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دو مارکیٹنگ کمپنیوں Graana.com اور ایجنسی 21 کو ان کے راولپنڈی و اسلام آباد میں ہونے والے پراپرٹی ایکسپو کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان آرڈی اے نے کہ آر ڈی اے نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اتھارٹی سے کوئی این او سی حاصل کیے بغیر کسی بھی پروجیکٹ یا سکیم کی بشمول نمائش تشہیر یا مارکیٹنگ نہیں کی جا سکتی۔ ان کے مطابق، نوٹس مارکیٹنگ کمپنیوں Graana.com اور ایجنسی 21 کو ہدایت کرتا ہے کہ وہ آر ڈی اے کو اپنی پراپرٹی ایکسپو کے مقام اور تاریخوں کے حوالے سے جامع تفصیلات فراہم کریں۔
مزید برآں، انہیں اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جاتی ہے کہ ایونٹ کے دوران کوئی غیر منظور شدہ یا غیر قانونی پروجیکٹ نمایاں یا فروغ نہ دیا جائے اور پلاٹوں، فائلوں یا سرمایہ کاری کی فروخت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے مارکیٹنگ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شفیق اکبر کو بھی متنبہ کیا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2021 کی عدم تعمیل کی صورت میں، آر ڈی اے متعلقہ قانون کے تحت کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “کوئی سپانسر اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا یا کسی بھی طریقے سے پلاٹوں یا ہاؤسنگ یونٹس کی فروخت کی تشہیر نہیں کرے گا۔” اس حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ جب تک کسی منصوبے کو آر ڈی اے راولپنڈی سے این او سی نہیں ملتا، اسے منظور شدہ یا قانونی منصوبہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مزید برآں، منصوبوں کی قانونی حیثیت آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر آسانی سے قابل رسائی ہے یا مزید معلومات یا استفسار کے لیے براہ راست آرڈی اے آفس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستانی اداکاروں نے ارشد ندیم کی جیت کو قوم کا فخر قرار دے دیا















