اہم خبریں

عوام کو سولر پینل کی فراہمی شروع کردی گئی

کراچی (نیوزڈیسک)صوبائی وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے عوام کو مفت سولر پینل کی فراہمی سے متعلق بڑی خوشخبری سنادی۔

صوبائی وزیر توانائی زیر صدارت چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سولر پینل کے حوالے محکمہ توانائی کے اعلیٰ افسران اور این جی اوز کے ساتھ مفت سولر فراہمی منصوبہ سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں سیکریٹری انرجی ، سی ای او ایس پی ایچ ایف،ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی پروجیکٹ سمیت مختلف این جی اوز کے اونرزنے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ رواں ماہ اگست میں ہی سولر پینل کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔انہوں نے سولر پینل رواں ماہ اگست میں فراہمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی احکامات جاری کیے۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایات پر منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنایا جائےاور بہت جلد ہی ایک ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں سولر پینل تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

قبل ازیں ورلڈ بینک نے صوبہ سندھ میں سولر سسٹم کے 2 لاکھ یونٹس تقسیم کرنے کے منصوبے کی توثیق کردی۔ وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بین ہیسن وفد سمیت شریک ہوئے، وزیر توانائی ناصر شاہ نے ورلڈ بینک ٹیم کو 2 لاکھ سولر یونٹس کی تقسیم سے متعلق بریف کیا۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کے جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے 34 ارب ڈالرز کے 14 منصوبے جاری ہیں، میں خود ہر منصوبے کی پیش رفت کی نگرانی کرتا ہوں، تمام منصوبہ بندی کے عمل میں منصوبوں کی پیش رفت پی اینڈ ڈی ورلڈ بینک کے ساتھ شیئر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے 2 لاکھ گھروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلی ہاس میں سولر ہوم سسٹم کے معاہدے کی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ صوبے کے 20 لاکھ گھروں کو سولرائز کرنا چاہتے ہیں۔

شروعات میں 2 لاکھ گھروں کو سولر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو 80 فیصد سبسڈی پر سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ گھرانوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 34 سرکاری عمارتیں سولر انرجی پر منتقل ہوچکی ہیں، مزید عمارتوں کو بھی منتقل کیا جائے گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سولر ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا قیام بھی کیا جارہا ہے، سندھ میں نوجوانوں کو سولر ٹیکنیشن کی ٹریننگ بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ تھر سے سستی ترین بجلی فراہم کی جارہی ہے، پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، چاہتے ہیں لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں۔

متعلقہ خبریں