اہم خبریں

لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روزمیں داخل، ٹریفک پلان جاری

راولپنڈی(نیوز ڈیسک )جماعت اسلامی (جے آئی) کا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ میں دھرنے کے باعث ٹریفک پولیس کی جانب سے چار متبادل روٹس تیار کیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ ڈی اے وی پر متبادل راستہ دیا گیا ہے۔ کالج چوک راجہ بازار اور ایجوکیشن یو ٹرن سے آنے والی ٹریفک کو مری روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے جبکہ صدر جانے والی سڑک کو راول روڈ سے موڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث بند ہونے والی ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور فیض آباد انٹر چینج پر لگائے گئے کنٹینرز کو بھی سڑک سے ہٹا کر سائیڈ پر لگا دیا گیا ہے، جب کہ راولپنڈی میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر دو سے تین روز تک دھرنا جاری رکھنے کی مشروط اجازت مل گئی۔یہ بھی اطلاع ہے کہ جماعت اسلامی ٹریفک بلاک اور عوامی امن میں خلل ڈالے بغیر احتجاج کرے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے مذاکراتی ٹیم بنانے پر رضامندی ظاہر کردی۔انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج پر معاہدے کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت حافظ نعیم الرحمان سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
مزیدپڑھیں: مہنگائی میں اضافہ،چکن اور دودھ سمیت کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں

متعلقہ خبریں