اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عراق جانے والے زائرین کے مسائل پر بات چیت کیلئے عراقی وزیر داخلہ مارچ میں پاکستان آ رہے ہیں۔ایک بیان میںوزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول کے چہلم پر عراق جانے والے زائرین کے مسائل وزیر اعظم شہباز شریف کے علم میں آئے تو انہوں نے فوری نوٹس لیا اور انکے حل کی ہدایات جاری کیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر عراقی وزیر داخلہ سے رابطہ کیا ہے، عراقی وزیر داخلہ مارچ میں پاکستان آ رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ عراقی حکومت اور زائرین کے مابین کوئی چیز تحریری نہیں سب کچھ زبانی ہے، ہم ساری چیزیں ان سے بلیک اینڈ وائٹ طے کریں گے تاکہ پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کو مسائل درپیش نہ آئیں، اسی سال مارچ میں زائرین کو دپیش مسائل حل ہو جائیں گے۔















