اہم خبریں

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا دھرنے کا اعلان

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن روایتی اقربا پروری کا گڑھ بن چکا ہے، 24 جولائی کو پنجاب بھر کے طول عرض سے ہزاروں ڈاکٹر اور سول سوسائٹی کے نمائندگان ہیلتھ کیئر کمیشن کے سامنے دھرنا دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایم اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہو گیا ہے، 2010 میں ایک ایکٹ کے ذریعے عطائیت کے ناسور کوختم کرنے کے لیے اسے قائم کیا گیا تھا، ہم نے تب بھی اسے سفید ہاتھی قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن شعبہ صحت میں سہولیات کی فراہمی میں مسائل اور پچیدگیاں پیدا کرنے کا سبب بنا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وقت نے پی ایم اے کے خدشات کو درست ثابت کیا ہے، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کام عطائیت کا خاتمہ کرنا تھا لیکن اس کی موجودگی میں عطائیت بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن قانون کی پاسداری کرے، کمیشن ناعاقبت اندیشانہ پالیسیوں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے تمام ہیلتھ پروفیشنلر تنظیموں کے لیے مسائل کی وجہ بن گیا ہے۔

پی ایم اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ایم اے، وائی ڈی اے ، فیملی فزیشنز ایسوسی ایشنز، پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن، پیشنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن اس بات پر مجبور ہوگئی ہیں کہ اس سفید ہاتھی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیں جس کا فیصلہ ڈاکٹر ز کنونشن میں تمام تنظیموں نے کیا ہے۔

متعلقہ خبریں