لاہور (نیوز ڈیسک )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 3 روزہ خصوصی صفائی مہم کے دوران فرائض کی انجام دہی پر عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عید کی صفائی مہم میں شامل پوری ٹیم کو اپنا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ’’بہت خوب ٹیم پنجاب‘‘۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کی مثالی خدمت کر کے پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
آپ نے جس انداز میں لوگوں کی خدمت کی ہے وہ قابل تعریف ہے اور فخر کی علامت بھی۔مریم نواز نے عید کے موقع پر صفائی مہم میں شاندار کارکردگی دکھانے پر تمام میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ایل ڈبلیو ایم سی، متعلقہ افسران اور عملہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اداروں کا ساتھ دیا اور اس مہم کو کامیاب بنایا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز عیدالاضحیٰ کے تینوں دنوں میں صفائی کو یقینی بنانے اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو سراہا۔
وزیر اعظم نے صفائی مہم کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے ریمارکس دیے کہ شاباش پنجاب، شاباش مریم نواز۔انہوں نے کہا کہ ڈرون کے استعمال کے نتیجے میں لاہور کینال میں فضلہ پھینکنے میں 80 فیصد کمی قابل تعریف ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سخت گرمی میں اپنے فرائض سرانجام دینے پر صفائی ٹیموں کو سلام پیش کیا اور پنجاب حکومت سے کہا کہ وہ عوامی خدمت کی روایت کو برقرار رکھے اور بدبو کو روکنے کے لیے گلیوں میں عرق گلاب چھڑکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت کے معیار کو نہ صرف جاری رکھے گی بلکہ اسے مزید بہتر بھی کرے گی۔
مزید پڑھیں: گلوکار ملکو نے اپنا نام PNIL میں شامل کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا