اسلام آباد ( اے بی این نیوز )صدر مملکت آ صف علی زرداری نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔
عیدالاضحیٰ ہمیں اللہ تعالیٰ کے دو برگزیدہ پیغمبر وں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔ اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الٰہی کے حصول کیلئے سر تسلیم ِخم کر دیا۔
قربانی کا یہ عمل اللہ تعالی کی بارگاہ میں اس قدر مقبول ہوا کہ امتِ محمدیہ ﷺ پر قربانی کی اس عبادت کو لازم قرار دے دیا۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے ۔
عید الاضحیٰ کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے۔
ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔
اس عید الاضحٰی پر اپنے قرب و جوار میں قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں ۔
میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں نازل فرمائے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔ آمین۔
مزید پڑھیں :ملک بھر میں فی بوری سیمنٹ کی قیمت کیا ہو گئی ،جانئے