اہم خبریں

نامناسب رویہ اختیار کرنے پر وفاقی سیکریٹری کمرہ عدالت سے گرفتار، جیل منتقل

راولپنڈی(زبیرقصوری) عدالت میں غیر مناسب رویے پر وفاقی سیکرٹری ٹیلی کام کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

نامناسب رویے اور ہتک آمیز گفتگو پر سول جج عادل سرور سیال برہم ہو گئے اور فیڈرل سیکرٹری کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے وفاقی سیکرٹری کو 15 روز قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنا دی۔

فیڈرل سیکرٹری ٹیلی کام محمد عمر ملک مقدمے میں بطور مدعی پیش ہوئے تھے۔

کمرہ عدالت میں دوران سماعت بدتمیزی کرنے پر عدالت نے نوٹس لیا اور ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے، وفاقی سیکرٹری کو ڈسٹرکٹ کورٹ سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سول جج کم جوڈیشل مجسٹریٹ عادل سرور سیال نے رکن پرائم منسٹر ٹاسک فورس آن آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام عمر ملک کو 15 دن قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

محمد عمر ملک پر عدالت میں نامناسب رویے کا الزام لگایا گیا کیونکہ وہ بطور درخواست گزار جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے بدتمیزی کا نوٹس لیتے ہوئے دفعہ 228 کے تحت مقدمے کی سماعت شروع کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ عادل سرور سیال نے عدالت میں نامناسب اور ہتک آمیز رویے پر سزا سنائی اور ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔

روزنامہ اوصاف کودستیاب چارج شیٹ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی عادل سرور سیال نے محمد عمر ملک ولد ملک محمد امین پر درج ذیل فرد جرم عائد کی، ملزم، 01.06.2024 کو صبح 08:30 بجے، جان بوجھ کر توہین کی پیشکش کی اور رکاوٹ پیدا کی۔

چارج شیٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم نے پریزائیڈنگ آفیسر کے ساتھ ساتھ عدالت کے ریڈر کو دھمکی دی اور تضحیک آمیز الفاظ کا استعمال کیا۔”

“اس طرح ملزم نے 228 پی پی سی کے تحت قابل سزا جرم کا ارتکاب کیا ہے، جو اس عدالت کے دائرہ اختیار میں ہے اور میں اس کے ذریعے یہ ہدایت کرتا ہوں کہ آپ لوگوں پر مذکورہ بالا الزام کے لیے اس عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ 01.06.2024 کو جوڈیشل مجسٹریٹ سیکشن 30، راولپنڈی،” جج عادل سرور نے چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ۔

عدالتی حکم کے مطابق وفاقی ممبر ٹیلی کام کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں