اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ شاعر احمد فرہاد کیس کی سماعت ، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ احمد فرہاد گرفتار اور آزاد کشمیر پولیس کی تحویل میں ہیں۔وفاقی حکومت نے 15 روز بعد اسلام آباد سے لاپتہ شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کر دی۔
مزید پڑھیں: آج اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
احمد فرہاد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔احمد فرہار کی اہلیہ کی جانب سے ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔
دوران سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ احمد فرہاد گرفتار اور آزاد کشمیر پولیس کی تحویل میں ہیں۔اٹارنی جنرل نے تھانہ دھیر کورٹ آزاد کشمیر کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کر دی۔
یاد رہے کہ شاعر احمد فرہاد 15 روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے جن کی بازیابی کے لیے ان کی اہلیہ عروج زینب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد بازیابی کے لیے جمعہ 24 مئی کی ڈیڈ لائن دی تھی اور ڈیڈ لائن پر بھی احمد فرہاد کی بازیابی نہ ہونے پر عدالت نے گزشتہ سماعت پر آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سیکٹر کمانڈرز کو طلب کیا تھا۔