اہم خبریں

توہین مذہب کی آڑ میں پرتشدد واقعات قبول نہیں،اے این پی کی سرگودھاواقعہ کی مذمت

اسلام آباد (نیوزڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا ہے کہ توہین مذہب کی آڑ میں پرتشدد واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اسلام امن کا دین ہے، ایسے واقعات کا فائدہ صرف شرپسند عناصر ہی اٹھاتے ہیں۔ ہم باہر دنیا میں اسلاموفوبیا کا گلہ کرتے ہیں لیکن اپنے گھر کو ٹھیک نہیں کرتے۔ دوسروں پر الزام لگانے سے قبل ہمیں خود اپنی اصلاح کرنی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ایک شخص پر توہین مذہب کے الزام کے بعد پرتشدد مظاہروں کی مذمت کرتے ہوئے اے این پی ترجمان احسان اللہ خان کا کہنا تھا کہ توہین مذہب کا الزام لگا کر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

مزیدپڑھیں:پاکستانی اینکر اور میراتھون رنر مونا خان یونان میں گرفتار

انہوں نے کہاکہ پچھلے چند دہائيوں سے پاکستان میں ایسے واقعات تواتر کے ساتھ ہورہے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل جڑانوالہ میں گرجا گھر اور بے گناہ لوگوں کے مکانات نذر آتش کئے گئے۔کیا آج تک اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے سامنے پیش کیا گیا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ دینِ اسلام ہمیں تمام مذاہب اور عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے۔ نئی نسل کو انتہاپسندی سے بچانے کیلئے نصاب کا کردار بہت اہم ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ایسے واقعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیئے۔ سرگودھا کے پرتشدد مظاہروں کے مرکزی کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ خبریں