کراچی(نیوزڈیسک)گورنر سندھ اپنی بیٹی کے ساتھ طلبہ کا استقبال کرنے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرغزستان سے مزید 180 طلبہ کی کراچی واپسی ممکن بنادی۔ بشکیک میں پھنسے سندھ کے طالبعلم میرے بیٹے اور بیٹی جیسے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ خوف کا شکار اپنے بچوں کو بشکیک سے لانے کا وعدہ پورا کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کے والدین نے امید کی گھنٹی بجا کر مجھ سے ملاقات کی تھی۔ میں نے وزیر خارجہ اسحق ڈار سے کراچی کےلیے اسپیشل پروازوں کی اجازت مانگی تھی۔ وزیر خارجہ اسحق ڈار کا شکر گزار ہوں، انہوں نے کراچی کےلیے پروازیں ممکن بنائیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اسپیشل فلائٹس کےلیے وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ سمیت سب کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مزید طلبا کی واپسی کےلیے بھی کوششیں جاری ہیں، عوامی گورنر کا خطاب دینے والوں نے جو ذمہ داری عائد کی ہے، نبھاتا رہوں گا۔
طلبہ کے والدین گورنر سندھ کے حق میں پلے کارڈ لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔ کرغزستان سے وطن واپس آنے والے طلبہ کے والدین ’شکریہ عوامی گورنر‘ کے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔
والدین کا کہنا تھا کہ بچوں کے انتظار میں ہم نے وقت کانٹوں پر گزارا۔ گورنر سندھ نے ہمیں حوصلہ دیا۔