کراچی (نیوز ڈیسک )ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اپنی رفتار کو جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ ماہ کے دوران اس میں 172 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 131.9 سے بڑھ کر 358.84 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں: امریکہ نے پاکستان کو 13 ملین ڈالر مالیت کے چوری شدہ نوادرات لوٹا دیئے
مثبت رجحان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت اٹھائے گئے اقدامات سے منسوب ہے جس نے سرمایہ کاری کی سہولیات کو بہتر بنایا، اس طرح سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 51 ماہ میں یہ سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔
ماہانہ بنیادوں پر اس سال مارچ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 39 فیصد اضافے سے 258.04 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔جولائی سے اپریل تک مالی سال 2024 کے پہلے 10 مہینوں میں FDI 1.46 بلین ڈالر رہی جو کہ مالی سال 2023 کی اسی مدت میں 1.35 بلین تھی۔
ملکی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2024 میں چین 177.37 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست، متحدہ عرب امارات (UAE) 51.93 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے جبکہ کینیڈا 51.89 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔