پشاور(نیوز ڈیسک )کرغزستان میں پھنسے طلبہ کو لے کر ایک اور پرواز خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق کرغزستان میں شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد ہزاروں طلباء وہاں پھنس گئے اور ان کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر داخلہ کا سی ڈی اے ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات
پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر خصوصی پرواز 290 طلباء کو لے کر پہنچ گئی۔ طلباء کے استقبال کے لیے والدین اور رشتہ دار ایئرپورٹ پر موجود تھے۔واضح رہے کہ ایک روز قبل 346 طلباء دو پروازوں کے ذریعے کرغزستان سے وطن واپس پہنچے تھے۔ خصوصی پرواز 171 طلباء کو لے کر نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری، جہاں سینیٹر مصدق ملک نے طلباء کا استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر ایک خصوصی ڈیسک اور طلباء کے لیے آمدورفت کا انتظام کیا گیا تھا۔
دوسری پرواز بشکیک سے 175 طلباء کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے واپس آنے والے طلباء کا استقبال کیا۔ مفت وطن واپسی کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے طلباء نے کہا کہ ہر طالب علم نے سفری اخراجات کے طور پر 90,000 سے 92,000 روپے ادا کیے ہیں۔