بشکیک(نیوزڈیسک)کرغزستان میں تعینات پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے بشکیک کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بشکیک میں مقامی انتہاپسندوں نے غیر ملکی ہاسٹلز پر حملہ کیا، ان حملوں میں 14 غیر ملکی طلبا زخمی ہوئے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کہا کہ ایک پاکستانی طالب علم شاہزیب بشکیک کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، میں نے اسپتال میں زیر علاج شاہزیب سے جا کر ملاقات کی ہے۔
مزیدپڑھیں:شہباز شریف نے ن لیگ کی صدارت اصل حقدار کو لوٹانے کیلئے استعفیٰ دیا ہے، احسن اقبال
پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے کہا کہ کرغزستان سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں، حملوں میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں موجود پاکستانی طالبہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہاں ہنگامہ آرائی جاری ہے، غیرملکی طلبہ محصور ہیں۔
پاکستانی طالبہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی لڑکے اور لڑکیاں ہاسٹلز سے باہر پانی اور کھانا لینے بھی نہیں جاسکتے، 13 مئی کو جھگڑا مصری طلبہ سے ہوا تھا مگر غصہ کل رات پاکستانی اور بھارتی طلبہ پر نکالا گیا۔
طالبہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا گیا، پاکستانی لڑکیوں نے واش رومز میں چھپ کر اپنی جانیں اور عزتیں بچائیں، کرغز پولیس اور پاکستانی سفارتخانے نے ہماری کوئی مدد نہیں کی۔