اہم خبریں

اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کے خلاف درخواست خارج

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے جمعرات کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
مزید پڑھیں: آئندہ 25 روز تک ملک میں ہیٹ ویو کی تین لہریں آنے کا امکان
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ سینیٹر اسحاق ڈار وزیر خارجہ تعینات ہیں جنہیں مزید اعزازات کے لیے نائب وزیراعظم بھی تعینات کیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم کا عہدہ آئین میں موجود نہیں لہٰذا عدالت اسحاق ڈار کی تقرری کو کالعدم قرار دے۔وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی تقرری نہیں ہوئی بلکہ انہیں نائب وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نائب وزیراعظم کوئی تنخواہ لے رہے ہیں؟ وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار صرف وزیر خارجہ کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ قانون کے مطابق وزیراعظم کسی شخص کو کسی عہدے کے لیے نامزد کر سکتا ہے۔

جسٹس شاہد بلال نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان کا کوئی ادارہ درست نہیں، وجہ یہ ہے کہ ہم دین سے، اللہ کے فرمان سے ہٹ چکے ہیں۔ ہمارے ہاں 75 فیصد کیس ایسے ہیں کہ خواتین جائیداد میں اپنا حصہ مانگ رہی ہیں۔عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جس پر آج کی سماعت میں درخواست خارج کر دی گئی۔واضح رہے کہ 28 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو پاکستان کا نائب وزیر اعظم مقرر کیا تھا۔

متعلقہ خبریں