اسلام آباد(نیوز ڈیسک )ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی سمز آج (ہفتہ) سے مرحلہ وار بلاک کردی جائیں گی۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی آئرلینڈ پہنچ گئے
پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے روزانہ 5 ہزار نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے پر اتفاق کیا ہے۔گزشتہ روز ایف بی آر نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے نفاذ کے لیے پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کا مقصد ٹیکس سال 2023 کے نان فائلرز کے موبائل سمز بلاک کرنے کو یقینی بنانا تھا۔ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز نے چھوٹے بیچوں میں سمز کو دستی طور پر بلاک کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر 5000 نان فائلرز کی فہرست فراہم کی گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیلی کام آپریٹرز کو مزید بیچز بھیجے جائیں گے۔حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سم بلاک کرنے کے خلاف متنبہ کرنے والے پیغامات بھی بھیجنا شروع کردیئے ہیں کیونکہ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے ایف بی آر کو نان فائلرز کے خلاف پلان بی پر عملدرآمد کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا۔