لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے جمعرات کو قبل از حج آپریشن شروع کردیا اور لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 717 مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔پہلی حج پرواز سے 329 عازمین حج روانہ ہوئے جسے پی آئی اے کے چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا۔
9 مزید پڑھیں: مئی،خود ساختہ، تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی، آئی ایس پی آر
لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک شاندار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے کہا کہ عازمین حج پاکستان اور پی آئی اے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ پی آئی اے نے پاکستان اور مدینہ منورہ میں عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی حج ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پی آئی اے عازمین کو مدینہ اور جدہ لے جا رہی ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر عازمین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔اس سے قبل رات گئے نجی ایئرلائن کی پہلی پرواز 150 عازمین کو لے کر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی جب کہ کراچی سے دوسری پرواز 180 عازمین کو لے کر سعودی عرب پہنچی۔ عہدیداروں نے عازمین کو الوداع کیا۔
سرکاری سکیم کے تحت آج سے شروع ہونے والا حج آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا اور 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار عازمین حجاز مقدس پہنچیں گے۔ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سعودی حکام کراچی میں عازمین حج کی امیگریشن کر رہے ہیں۔